Jan ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • جاپان: شدید زلزلے کے بعد طیارہ حادثہ، دو طیاروں کی ٹکر، 5 افراد ہلاک

جاپان میں شدید زلزلے کے بعد ایک بڑے حادثے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مرنے والے جاپانی کوسٹ گارڈ کے اہلکار تھے۔

سحر نیوز/ دنیا: جاپان میں نئے عیسوی سال کے پہلے ہی دن شدید زلزلہ آیا اور دوسرے دن دردناک طیارہ حادثہ رونما ہوگیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو میں ہنیڈا ایئرپورٹ پر جاپانی کوسٹ گارڈ کا طیارہ جاپان ایئرلائنز کے طیارے سے ٹکرا گیا۔ اس زبردست تصادم کے بعد ايک طیارے میں شدید آگ لگ گئی۔

ٹوکیو کے ہنیڈا ہوائی اڈے پر ہونے والے اس طیارہ حادثہ کی جو تصویریں اور ویڈیو سامنے آ رہی ہیں ان میں آگ طیارہ کے اندر تک پھیلی دکھائی دے رہی ہے۔ کوسٹ گارڈ کے طیارے نے جاپان کے ہی شن چیٹوس ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی اور ہنیڈا ایئرپورٹ پہنچنے پر یہ حادثہ پیش آیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے طیارے پر 6 افراد سوار تھے جن میں سے 5 ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص بچ نکلنے میں کامیا ب ہوگیا۔ جاپان ایئر لائنز کے طیارے پر 350 سے زائد مسافر سوار تھے۔

جاپان کے عوامی نشریاتی ادارے این ایچ کے  پر لائیو ویڈیو فوٹیج میں طیارے کی کھڑکیوں سے آگ کے شعلے نکلتے ہوئے دکھائے گئے۔ جاپان ایئر لائنز کے ترجمان نے بتایا کہ ہوکائیڈو کے شن چیتوز ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے طیارے پر 350 سے زائد مسافر سوار تھے جن کو بعد میں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ جاپان ایئر لائنز نے بتایا کہ تمام 379 مسافروں اور عملے کے افراد کو باہر نکال لیا گیا ہے۔

ٹیگس