امریکہ: نیو جرسی میں مسجد کے سامنے امام مسجد کا قتل
امریکی ریاست نیو جرسی میں ایک مسجد کے باہر امام مسجد کو گولی مار کر قتل کردیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے نیوارک Newark شہر میں واقع "مسجد محمد" کے باہر امام مسجد کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابھی تک اس حملے کے مقاصد کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئي ہے۔
مقتول امام مسجد کا نام حسن شریف بتایا جاتا ہے۔
ادھر نیو جرسی کے اٹارنی جنرل میتھیو پلاٹکن نے کہا ہے کہ "میرے علم میں ہے کہ ہماری ریاست میں، عالمی واقعات کی صورت حال اور بہت سی برادریوں میں تعصب میں اضافے کی وجہ سے، خاص طور پر، مسلمان برادری کو ڈر اور خوف کا سامنا ہے۔"
پلاٹکن نے کہا کہ نیو جرسی میں بہت سے لوگ ان دنوں خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ایک مقامی پراسیکیوٹر ٹیڈ اسٹینز نے بتایا کہ "اس حملے کے بارے میں بہت سی تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں لیکن امام مسجد حسن شریف کو صبح 6 بجے کے قریب ایک سے زیادہ مرتبہ گولی ماری گئی جب وہ مسجد کے باہر اپنی گاڑی میں تھے۔ ان کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا لیکن دوپہر کے وقت ان کی موت ہوگئی۔"
نیوارک کے پبلک سیفٹی کے ڈائریکٹر فرٹز فریگ نے بتایا کہ حسن شریف پانچ سال سے مسجد میں امامت کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام مسجد حسن شریف کو بین المذاہب برادری کے ایک رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے شہر کو محفوظ رکھنے کے لیے کام کیا۔