Jan ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے سفیر کو لندن سے نکالنے اوراسرائیل کو ہتھیار فراہم نہ کئے جانےکا مطالبہ

غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کے خلاف احتجاج کے طور پر فلسطین کے ہزاروں حامیوں نےبرطانیہ میں مظاہرے کر کے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان اور غاصب صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔

سحر نیوز/ دنیا: لندن میں احتجاجی مظاہرین نے شہر کے مرکزی علاقوں کی سڑکوں سے گذرتے ہوئے برطانوی ایوان نمائندگان کے قریب واقع ویسٹ مینسٹر پل پردھرنا دیا اوراسرائیل کی جارحیت کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان اور غزہ کی جنگ فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے اسی طرح برطانوی حکومت سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی اور اسرائیل کی حمایت بند کئے جانے اور لندن سے اسرائیل کے سفیر کو نکال باہر کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے فلسطین کو آزاد کرو، غاصبانہ قبضہ ختم کرو جیسے نعرے بھی لگائے۔ بعض مظاہرین نے اسرائيل کے لئے برطانیہ اور امریکہ کی غیر مشروط اور بے تحاشہ حمایت کے خلاف احتجاج کے طور پر برطانوی وزیراعظم رشی سونک اورامریکی صدر جوبائیڈن کی تصویر سے بنے ماسک لگاتے ہوئے اور اپنے ہاتھوں کو سرخ رنگ سے رنگ کر ہاتھ بلند کر کے اسرائیل کی حمایت کرنا بند کرو جیسے بھی نعرے لگائے۔

اسی طرح کے مظاہرے برطانیہ کے مختلف دیگر شہروں میں کئے گئے جہاں مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی جرائم سے نفرت کا اظہار اور جنگ غزہ فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

برطانیہ میں اس قسم کے مظاہرے گذشتہ تیرہ ہفتوں کے دوران ایک سیاسی تحریک میں تبدیل ہو گئے۔ ہزاروں فرانسیسی شہریوں نے بھی پیرس میں اسی طرح کا مظاہرہ کر کے غزہ کے فلسطینی عوام کی حمایت اور ان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور نہتھے عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جرائم کی مذمت کی۔

ٹیگس