حزب اللہ نے اسرائیلی ٹھکانوں پر حملے تیز کیوں کر دیئے؟
عبرانی میڈیا نے اشارہ کیا ہے کہ لبنانی مزاحمت نے اسرائیل کے ٹھکانوں پر اپنے میزائل حملوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے میزائلوں کی تباہ کن طاقت خوفناک ہے۔
تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں فوجی ٹھکانوں پر حزب اللہ کی پیشرفتہ کارروائیوں میں شدت آنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ حزب اللہ حال ہی میں انتہائی تباہ کن طاقت کے حامل میزائلوں کا استعمال کر رہا ہے۔
صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ میزائل زمین سے ٹکراتے وقت زمین میں بڑا گڈھا کر دیتے ہیں۔
میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ حزب اللہ نے لبنان سے پورے الجلیل علاقے میں فوجی مقامات اور بستیوں کی طرف اپنے بھاری راکٹ فائر کیے ہیں۔
مقبوضہ الجلیل اور جولان میں عبرانی اخبار یدیعوت آحارنوت کے رپورٹر یائیر کاروس نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حزب اللہ نے ہم پر درجنوں میزائل اور ٹینک شکن میزائل داغے اور 13 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ نے "برکان" اور "فلق 1" جیسے نئے میزائلوں کے استعمال میں اضافہ کیا ہے جو خوفناک تباہ کن طاقت رکھتے ہیں۔
صیہونی رپورٹر کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح "الکوش" قصبے سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر برکان میزائل داغا گیا اور ہم نے ایک زبردست دھماکہ سنا اور پھر باہر نکل کر دیکھا تو کافی نقصان ہو چکا تھا ۔
اس صہیونی رپورٹر نے ایفن میناچیم اسیٹلمنٹ کمیٹی کے سربراہ باروچ لاجزیل کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ کا برکان راکٹ جو ہمارے قریب سے فائر کیا گیا وہ انتہائی خوفناک تھا اور اس میں 100 سے 500 کلو گرام بارودی مواد تھا جس سے اسرائیلیوں کو جانی نقصان سمیت کافی نقصان پہنچا۔