حزب اللہ نے اسرائیل کو شدید نقصان پہنچایا، صیہونی عہدیدار کا اعتراف
حزب اللہ لبنان نے صیہونی بستی میں 130 مکانات کو شدید طور پر نقصان پہنچایا ہے۔
سحر نیوز/دنیا: مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے شمال میں واقع متولا قصبے کی کونسل کے سربراہ نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے راکٹ حملوں کے دوران 130 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے شمال میں واقع متولا قصبے کی کونسل کے سربراہ ڈیوڈ ازولائی نے دعویٰ کیا ہے کہ مجموعی طور پر 650 رہائشی مکانات میں سے 130 مکانات ایسے ہیں جنہیں حزب اللہ لبنان کے ساتھ سرحدی جھڑپوں کے آغاز سے ہی نقصان پہنچا ہے۔
صیہونی حکومت کے چینل 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متولا میں ایسی گلیاں ہیں جو حزب اللہ کے میزائلوں کے خوف کی وجہ سے رات کے علاوہ استعمال نہیں کی جا سکتیں۔
ازولائی نے پہلے کہا تھا کہ لبنانی سرحدوں سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبوں میں تمام شہری بنیادی ڈھانچے کو حزب اللہ کے حملوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔
یہ خبر ایسے وقت میں شائع ہوئی ہے کہ جب اسرائیلی میڈیا نے آج اپر الجلیل میں المنارہ کی صہیونی بستی پر لبنان کے ایک نئے میزائل حملے کی خبر دی ہے۔
حزب اللہ نے بھی آج اعلان کیا کہ اس نے الطیحات ٹیلے میں غاصب افواج کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا۔