اقوام متحدہ نے مغربی ایشیا کے حالات میں ایران کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مغربی ایشیا میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے کے حالات میں ایران کے کردار کو تعمیری اور امن و سلامتی کے قیام میں معاون قرار دیا۔
سحرنیوز/ دنیا: ایران پریس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب کو امریکہ کی حمایت اور غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں اضافے کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں شدت کے حوالے سے تشویش کے پس منظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریش نے ایک خطاب میں کہا خطے میں ہونے والے تغیرات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم چاہتے ہیں کہ تہران خطے میں کشیدگی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام کوششوں کو بروئے کار لائے۔
انٹونیو گوتریش نے کہا کہ ہم سب کو خطے اور بحیرۂ احمر میں کشیدگی کو کم کرنے اور ثبات و استحکام کے قیام کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کے جواب میں، فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے 7 اکتوبر 2023 کو غزہ سے اسرائیلی اہداف کے خلاف اچانک آپریشن شروع کیا۔ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی افواج کے حملوں میں 28 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔