Feb ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے: صدرِ برازیل

صدرِ برازیل نے غزہ میں اسرائیلی ظلم و جارحیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: غاصب اسرائیلی حکومت غزہ پٹی میں گزشتہ چار مہینے سے فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جور اور بربریت و جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس دوران غاصب افواج نے 30 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہریوں کو شہید کیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور معصوم بچوں کی ہے۔ غاصب اسرائیلی حکومت کی جارحیت کے سبب ساٹھ ہزار سے زیادہ فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔  

فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر دنیا کے انصاف پسند افراد تنقید کر رہے ہیں اور اس کی سخت مذمت کر رہے ہیں۔ بلا تفریق مذہب و ملت دنیا کے عوام فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر رہے ہیں اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ عوامی مظاہروں اور تنقید کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان مملکت بھی غاصب اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ادیس ابابا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کے سربراہوں اور اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ برازیل کے صدر لو لا دا سلوا (Lula da Silva) نے بھی غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ "اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے۔" برازیلی صدر لو لا دا سلوا نے افریقی یونین کی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل عام نسل کشی ہے۔ اسرائیل اس وقت غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسرائیلی فورسز جو کچھ غزہ میں کر رہی ہیں وہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں بلکہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔"

برازیلی صدر کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جو اس وقت دیکھ رہی ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تاریخ اس وحشیانہ جنگ کی مثال پیش نہیں کرسکتی جس کا نشانہ عورتیں اوربچے ہوں۔

دریں اثنا برازیل کے صدر کے اس سخت تبصرے پر اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ برازیل کے صدر کا بیان یہودیوں کے خلاف ہے۔

ٹیگس