Feb ۲۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran

صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کے خلاف امریکی فضائیہ کے ایک جوان نے واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے خود سوزی کی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: واشنگٹن کے شعبہ حادثات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خود سوزی کے واقعے کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد، شعبہ حادثات کے افراد نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے ایک ایسے شخص کو پایا جو بری طرح جھلس گيا تھا اور اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے"آزاد فلسطین" کے نعرے لگا رہا تھا۔
واشنگٹن کے شعبہ حادثات کے بیان میں آیا ہے کہ اس شخص کو انتہائی نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ غزہ میں جارح صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خلاف اس امریکی فوجی نے ایسے عالم میں خودسوزی کی ہے کہ اتوار کی شام اقوام متحدہ کے ہیلتھ رائٹس رپورٹر نے غزہ کے جنوب میں واقع رفح کی صورت حال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے نظام صحت کے خلاف اسرائیلی حکومت کا جنگی جنون دانستہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ہیلتھ رائٹس رپورٹر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اب غزہ میں پڑی رہ جانے والی لاشوں اور اس پٹی میں وبائی امراض کے پھیلنے کی وجہ سے ایک بڑی تباہی کا خدشہ ہے اور ایسے حالات میں ہم فوری جنگ بندی کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے۔ اقوام متحدہ کے ہیلتھ رائٹس رپورٹر نے اس بات پر زور دیا کہ صیہونی حکومت غزہ کی جنگ میں بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

ٹیگس