لندن میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ (ویڈیو)
برطانیہ میں فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے مسلسل چوبیسویں ہفتے لندن کی سڑکوں پر مظاہرہ کیا۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے مسلسل چوبیسویں ہفتے لندن کی سڑکوں پر نکل کر غزہ کےمظلوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کی مذمت کی اور فلسطینیوں سے اپنی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ لے رکھے تھے جن پر انصاف پسندی کے حق میں، صیہونی نسل پرستی کے خاتمے، جنگ فوری طور پر بند کئے جانے جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لندن کے بڑے چوک پر اجتماع کیا جو وزارت عظمی کی عمارت کے قریب واقع ہے اور پھر برطانیہ کے سیاسی اداروں کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین نے برطانیہ کی حکومت کے شدید دباؤ اور بندشوں کے باوجود تاکید کی کہ فلسطینیوں کے خلاف جب تک صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اس قسم کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
فلسطین حامی تنظیم کے سربراہ بن جمال نے حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار فروخت کرنا اور غاصب صیہونی حکومت کی مالی امداد کرنا بند کرے اور اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کی امداد بحال کرے۔