Apr ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • ایرانی قونصلر سیکشن کی عمارت پر صیہونی حکومت کا حملہ، سلامتی کونسل کا اجلاس منگل کو

روس کی درخواست پر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام ایران کے مراسلے کے بعد، سلامتی کونسل نے شام کے دارالحکومت دمشق ميں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے سے متعلق اجلاس آج منگل کو طلب کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نائب مندوب دیمتری پولیانسکی نے کہا ہے کہ دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے قونصلر شعبے پر اسرائیل کے ہوائی حملے کے بعد ایران نے اس حملے کی مذمت کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام ایک مراسلہ ارسال کیا ہے۔
روس کے نائب مندوب نے کہا کہ ایران کے خط کے بعد، ہم نے سلامتی کونسل سے اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے اور یہ اجلاس آج منگل دو اپریل کو نیویارک کے وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے منعقد ہوگا۔
اس سے قبل اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حکومت کے حملے کے بعد سلامتی کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس مجرمانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرے اور اسرائیلی حکومت کے توسط سے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی سے نمٹنے کے لیے ایک ہنگامی اجلاس بلائے۔

ٹیگس