امریکی یونیورسٹیز کا فلسطین کےلیے احتجاج کرنے والے طلباء کو ڈگری دینے سے انکار، طلباء کا واک آوٹ
امریکہ میں فلسطین کے حامی مظاہرین طلباء کو ڈگریاں دینے سے انکار کے بعد درجنوں طلباء نے احتجاجاً یونیورسٹی سے واک آؤٹ کیا۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی شیکاگو یونیورسٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے فلسطین کی حمایت میں احتجاج کر رہے طلباء کو ڈگریاں دینے سے انکار کے بعد طلباء نے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا۔ احتجاج کے دوران طلباء نے’’نسل کشی بند کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔ بعض طلباء نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی علامت کے طور پر وہ فلسطین کا خصوصی اسکارف اوڑھے ہوئے تھے۔
شیکاگو یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ یونین نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں چار طلباء کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا گیا تھا کہ کیمپس میں احتجاجی خیمے لگانے کے سلسلے میں موصولہ شکایات سے متعلق تادیبی عمل کے نتیجے میں ان کی ڈگریاں معطل کر دی جائیں گی۔
احتجاج کرنے والے ایک طلباء کا کہنا تھا کہ جب فلسطین اور غزہ میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہیں کبھی بھی اپنی تعلیم جاری رکھنے کا موقع نہیں ملا اور انہیں کبھی ڈپلومہ نہیں ملے گا، تو میرے ڈپلومہ کی کیا قیمت ہے؟ طلباء نے استفسار کیا کہ اگر ہم ان کے لئے نہیں لڑے تو پھر کون ان کے لیے لڑے گا؟