ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے بارے میں چین کا دوٹوک موقف
چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی حمایت کرتا ہے ۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کے شہر نیزنی نوو گورود میں بریکس وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
چین کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں کہا کہ بیجنگ تہران کے ساتھ روابط کو اہمیت دیتا ہے اور ایران کی ارضی سالمیت اور اس کے اقتدار اعلی کی حمایت کرتا ہے۔ وانگ یی نے اس ملاقات میں اسی طرح ایران میں ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر، وزیرخارجہ اور دیگر شخصیات کی شہادت پر ایک بار پھر تعزیت پیش کی اور کہا کہ چین ایک دوست ملک کی حیثیت سے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی نے شہید صدر آیت اللہ رئیسی اور شہید وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نیز ان کے ساتھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اعلی سطحی چینی وفد کی تہران آمد کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے موجودہ عالمی حالات میں اور ایک ایسی منصفانہ دنیا وجود میں لانے میں جس میں سبھی آزاد ممالک اپنی گنجائشوں اور توانائیوں کے مطابق کردار ادا کرسکیں ایران اور چین کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ کثیر جہتی نظام جس کے ایران اور چین علمبردار ہیں، موجودہ عالمی مشکلات و مسائل سے نکلنے کی روشن راہ حل ہے۔
علی باقری کنی نے کہا کہ خودسرانہ اور یک جانبہ سسٹم نے نہ صرف یہ کہ دنیا کو مشکلات و مسائل سے دوچار کردیا ہے بلکہ ان کے حل پر بھی قادر نہیں ہے۔
ایران کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں تہران اور بیجنگ کے باہمی تعاون کا مستقبل روشن اور کامیاب نظرآتا ہے۔