Jun ۱۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی نا قص کارکردگی، کرکٹ کے عالمی مقابلے سے پاکستان شرمندگی کے ساتھ  ہوا باہر

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024ء کا 30واں اور گروپ اے میں امریکہ اور آئرلینڈ کا اہم ترین مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ اور آئرلینڈ کا میچ بلا نتیجہ ختم ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا۔ میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے منسوخ کیا گیا اور ٹاس بھی نہ ہوسکا۔ پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی امریکی ٹیم سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرگئی ہے، امریکہ نے کینیڈا اور پاکستان کو شکست دی تھی۔

پاکستان ٹیم اب تک تین میچ کھیل کر صرف ایک کامیابی حاصل کرسکی ہے۔ امریکہ کے 5 پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم دو پوائنٹس حاصل کرسکی ہے۔ اگر قومی ٹیم آئرلینڈ سے جیت بھی جائے تو 4 پوائنٹس ہوجائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ باہر بیٹھے ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا تھا کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پرفارمنس پر ہے۔

اس دوران افغانستان نے پاپوا نیو گنی کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر8 مرحلے میں جگہ بنالی۔ اس سے قبل آسٹریلیا، ہندوستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سپر8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ اس گروپ سے افغانستان اور ویسٹ انڈیز سپر ایٹ میں پہنچ چکی ہیں جبکہ افغانستان کے کوالیفائی کرنے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کو دونوں میچوں میں شکست ہوئی اور کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر پائی۔

 

ٹیگس