غزہ جنگ بندی کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرارداد واجب العمل ہے: یورپی کمیشن
یورپی کمیشن کے ترجمان نے ایک بار پھر غزہ جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد واجب العمل ہے۔
سحر نیوز/ دنیا : یورپی کونسل کے ترجمان پیٹراستانو نے بریسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے بارے میں تمام فریقوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی پابندی کرنی چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سب سے بڑے بین الاقوامی ادارے کا ہے اور اس پرعمل کرنا لازمی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپی یونین جنگ بندی اور ان ممالک کی حمایت کرتی ہے جو اس جنگ کو ختم کرنے اور دو حکومتی راہ حل کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہے ہيں ۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے لئے امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کی ہے جو مکمل اکثریت اور بلامخالفت منظور ہوگئی ہے تاہم روس نے ووٹنگ میں حصہ نہيں لیا۔
یورپی یونین کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حزب اللہ لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بڑھنے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ہم حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم شروع سے ہی کشیدگی بڑھنے سے روکنے کے خواہاں تھے اور ہماری تاکید تھی کہ جھڑپوں کو علاقے میں نہيں پھیلنا چاہیے۔
پیٹرا اسٹانو نے کہا کہ ہم علاقے میں کردار ادا کرنے والوں سے چاہتے ہيں کہ صبر و تحمل سے کام لیں ، کشیدگی کم کریں اور سفارتی کوششوں میں تعاون کریں کیونکہ علاقے میں جنگ پھیلنے سے کسی کو فائدہ نہيں ہوگا۔