برطانیہ: کیئر اسٹارمر نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھال لیا
برطانیہ میں لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے انتخابات میں لیبر پارٹی کی تاریخی کامیابی کے بعد کیئر اسٹارمر کو حکومت بنانے کی دعوت دی جس کے بعد انھوں نے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھال لیا۔
کیئر اسٹارمر وزیراعظم کی حیثیت سے پہلی بار ڈاؤننگ اسٹریٹ میں داخل ہوئے۔ انھوں نے ملک کی معیشت کی بحالی کے لیے فوری کارروائی کا عزم ظاہر کیا۔ نومنتخب وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ملک کو بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ رشی سونک نے اپنے الوداعی خطاب میں پارٹی کی سربراہی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ نیا لیڈر آنے تک میں یہ ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شکست تسلیم کرتے ہیں اور کیئر اسٹارمر کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہو گی۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نومنتخب برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
واضح رہے کہ لیبر پارٹی نے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے ہاؤس آف کامنز میں 410 سیٹیں حاصل کی ہیں جب کہ کنزرویٹو پارٹی نے 118 نشستیں جیتی ہیں۔