امریکی عہدیداروں سے ملی شاباشی کے بعد اسرائیل کی دہشتگردی میں آئی تیزی
میڈیا ذرائع نے غزہ پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں سات فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مرکزی غزہ میں واقع النصیرات کمیپ کے جنوب میں ایک گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں تین بچے شامل ہیں۔ اس بمباری میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہيں۔
اس رپورٹ کے مطابق شمالی رفح کے مصباح علاقے پر صیہونی حکومت کے ڈرون حملے میں بھی دو فلسطینی شہید اور دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے اب تک انتالیس ہزار سے زيادہ فلسطینی شہید اور نوے ہزار سے زيادہ زخمی ہوچکے ہيں جبکہ دس ہزار سے زيادہ فلسطینی لاپتہ ہیں یا ملبے تلے دبے ہوئے ہيں۔
صیہونی حکومت نے طوفان الاقصی آپریشن کا انتقام لینے اور استقامتی محاذ کی کارروائیاں روکنے کے لئے غزہ کی گذرگاہوں کو بند کردیا ہے اور پورے علاقے پر بمباری کر رہی ہے۔ صیہونی حکومت کے ان جرائم کے باعث، عالمی عدالت انصاف میں تل ابیب کے حکام پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔