وینزويلا کے صدر نکولس مادورو کے قتل کا منصوبہ ناکام، امریکی سی آئی اے کے کئی جاسوس گرفتار
وینزويلا کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وینزويلا کے صدر نکولس مادورو کے قتل کے سی آئی اے کے سازشی منصوبے کو ناکام بنا دیا گيا۔
سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق وینزويلا کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اس منصوبے میں ملوث ہونے کے الزام میں چھے افراد کو گرفتار کرلیا گيا جن میں تین امریکی، اسپین کے دو اور جمہوریہ چیک کا ایک شہری شامل ہے۔
وینزويلا کے وزیر داخلہ نے اپنے ملک کے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سی آئی اے کے منصوبے میں شامل عناصر کا مقصد حکومت کو گرانا اور متعدد اعلیٰ حکام منجملہ وینزويلا کے صدر نکولس مادورو کو قتل کرنا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت غیر قانونی طور پر وینزويلا میں داخل ہونے والے تینوں امریکی شہریوں سے کہ جنھیں گرفتار کرلیا گیا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ تینوں امریکیوں میں سے ایک امریکی بحریہ کا اہلکار ہے جو افغانستان، عراق اور کولمبیا میں امریکی مشن میں شامل بھی رہا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ نے بھی وینزويلا میں اپنے ایک سابق فوجی کو گرفتار کئے جانے کی خبر کی تصدیق کی ہے۔ البتہ ابھی تک اسپین اور جمہوریہ چیک کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔