Sep ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • لبنان میں امریکہ اور اسرائیل کی جنگ نامنظور: امریکی مظاہرین

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی مظاہرین نے جنگ مخالف مظاہرے کئے اور لبنان پر اسرائیل کے حملے فورا بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

سحر نیوز/ دنیا: رائٹر کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے امریکہ کے مختلف شہروں میں امریکی حکومت کی جانب سے اسرائیل کی فوجی مدد و حمایت کے خلاف مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں ۔

واشنگٹن کی جانب سے تل ابیب کی حمایت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ ایسے عالم میں جاری ہے کہ مشرق وسطی میں ایک اور جنگ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے اور جنگ مخالفین، اسرائیل کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کا مطالبہ کر رہے ہيں ۔

اینسور گروپ نامی اتحاد کہ جو "ابھی اقدام کرو تاکہ جنگ و نسل پرستی بند ہو " کی شارٹ فام ہے ، کے سیکڑوں مظاہرین نے کل نیویارک کے ہیرالڈ اسکوائر پر اجتماع کیا ۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اور بینر تھے جن پر لکھا تھا، لبنان کو فورا رہا کرو ، لبنان میں امریکہ اور اسرائیل کی جنگ نامنظور ۔ مظاہرین لبنان پر حملوں کا سلسلہ بند کرنے کے لئے بھی نعرے لگا رہے تھے ۔ امریکی مظاہرین، نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے ، ہم بائيڈن ، ہیرس ، ٹرمپ اور نیتن یاہو کو اپنے شہر میں خوش آمدید نہيں کہتے، مشرق وسطی سے دست بردار ہو جاؤ اور فلسطین کو آزاد کرو۔

رپورٹوں کے مطابق ایک اور مظاہرہ اور اجتماع واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب ہوا جس میں مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر لے کر لبنان پر حملے روکنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اینسور گروپ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان ميں اسرائیل کی حمایت اور غزہ کا مسلسل محاصرہ اور نسل کشی امریکی ساخت کے بموں ، میزائلوں اور جنگی طیاروں سے انجام پا رہی ہے۔ اس گروہ کے اعلان کے مطابق کل امریکہ کے سن فرانسسکو، سیاٹل، سن آنٹونیو اور فینیکس جیسے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

ٹیگس