غزہ میں اسرائیلی بمباری جنگ نہیں ظلم ہے: پوپ فرانسس
Dec ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۱۴ Asia/Tehran
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں اسرائیلی بمباری کو ظلم قرار دے دیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غاصب صیہونی حکومت غزہ پر اپنے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ صیہونی حکومت کے جمعے کے دن کے حملے میں غزہ میں ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 10 افراد شہید ہوگئے تھے۔ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں پر بمباری کی گئی ہے۔ یہ ظلم ہے، یہ جنگ نہیں ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے پوپ کے بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے حملوں میں اب تک 45 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے اور یہ غاصب حکومت غزہ پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔