Feb ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • غزہ کے فلسطینیوں کی نقل مکانی سے متعلق ٹرمپ کی سازش کی عالمی سطح پر مخالفت

غزہ کے عوام کو دیگر ممالک کی جانب نقل مکانی کرنے پر مجبور کرنے کے حوالے سے امریکی و صیہونی سازش کے خلاف فلسطین سے لے کر عالم اسلام اور حتیٰ یورپ تک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق منصوبوں کو مسترد کر دیا۔ میکرون نے کہا کہ بیس لاکھ لوگوں سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آپ کہیں اور چلےجائیں۔ فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور ان کے عرب پڑوسیوں کی عزت واحترام کا خیال کیا جائے، یہ ریئل اسٹیٹ آپریشن نہیں، یہ سیاسی آپریشن ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کا بھی کہنا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی اور امریکہ کی طرف سے اس علاقے کی ملکیت کے حصول کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات چونکا دینے والے ہیں اور اس کارروائی سے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام اور تشدد میں شدت آجائے گی۔ اردن ، مصر اور سعودی عرب نے بھی فلسطینیوں کی بے دخلی کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ مسترد کر دیا۔ مصر نے فلسطینیوں کو بے دخل کیے بغیر غزہ کی تعمیر نو کا جامع منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور دو ریاستی حل پر زور دیا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت ملک کے اعلیٰ حکام نے بھی فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کردیا گیا اور اس حوالے سے صیہونی حکام کے بیانات کی سخت مذمت کی گئی۔ لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے بھی غزہ کے عوام کی بے دخلی نے امریکی و صیہونی منصوبے پر ردعمل عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام کو مصر اور اردن کی جانب دھکیلنے کا خیال بیہودہ ہے حتیٰ انہیں مغربی کنارے کی جانب منتقل کرنا بھی اخلاقی، سیاسی اور قانونی ضابطوں کے خلاف ہے۔ عرب لیگ کے سربراہ ابوالغیط نے بھی غزہ کے حوالے سے امریکی منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ٹرمپ فلسطینیوں اور عربوں پر دباؤ ڈالتے رہے تو وہ خطے کو اسرائیل کے ساتھ سخت تنازعے کے نئے دور میں دھکیل دیں گے۔ فلسطین کی تحریک حماس نے بھی غزہ کے عوام بے دخل کرنے کے سازشی منصوبے کو فضول بتایا اور اسے نسل پرستانہ اور فلسطینی قوم کے نسلی تصفیئے کا مصداق قرار دیا۔ اس کے علاوہ دنیا کے اور مختلف ممالک اور عالمی تنظیموں نے غزہ کے سلسلے میں امریکی و صیہونی حکام کی مشترکہ سازش کی سخت مذمت کرتے ہوئے اُسے مسترد کردیا ہے۔

 

 

ٹیگس