امریکہ نے آج پھر یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے
امریکہ نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے
سحرنیوز/دنیا: رشا ٹوڈے کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے آج علی الصبح یمن کے دارالحکومت صنعا کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا۔ المسیرہ ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے صنعا اور عطان پر حملہ کیا اور صنعا کے جنوب مغرب میں الوحدہ کے علاقے العصر پر شدید بمباری کی۔ یمن کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ العصر پر امریکی حملے میں کئی یمنی عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت اور صہیونی فوج کی جانب سے غزہ پر حملے اور محاصرے کے جواب میں یمنی فوج نے مقبوضہ علاقوں میں صہیونی تنصیبات پر میزائل داغے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ نے غزہ کی حمایت کی وجہ سے یمن کے مختلف علاقوں پر متعدد فضائی حملے کئے ہیں۔ یمنی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحیرہ احمر اور بحیرہ عمان میں امریکی بحری بیڑے ٹرومین اور دیگر کشتیوں پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کی جانب سے جوابی کارروائياں کامیاب رہی ہیں اور امریکہ اور اسرائيل یمن کی مسلح افواج کے جوابی حملوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ یمن کی مسلح افواج امریکی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے غزہ کی تحریک استقامت کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں اور انھوں نے تاکید کی ہے کہ جب تک غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت بند اور اس علاقے کا محاصرہ ختم نہیں ہو گا فلسطینیوں کی حمایت میں ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی جن میں بحر ہند اور بحیرہ احمر میں امریکہ اور اسرائیل کے بحری جہازوں پر حملہ بھی شامل ہے اور اب تک بارہا اس قسم کے حملے کئے گئے ہیں۔