Jul ۱۴, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۳ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو کی پالیسیوں کے خلاف تل ابیب میں عوام سڑکوں پر

مقبوضہ فلسطین کے شہر تل ابیب میں ہزاروں صیہونیوں نے غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اور قیدی بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی بازیابی کے لیے فوجی ہیڈکوارٹرز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

سحرنیوز/دنیا: میڈیا ذرائع کے مطابق صیہونی مظاہرین نے وزیراعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور پر زور مطالبہ کیا کہ نتن یاہو حکومت فوری طور پر جنگ بندی کا معاہدہ کرے تاکہ انسانی جانوں کا مزید ضیاع روکا جا سکے۔مظاہرے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ صرف سیاسی مفادات کے لیے اس جنگ کو جاری رکھنا ایک تباہ کن اور انسانی المیے کا باعث بن رہا ہے، جس سے ناصرف فلسطینی بلکہ اسرائیلی عوام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیتن یاہو نے ممکنہ جنگ بندی منصوبے پر بات چیت کے لیے اپنی کابینہ میں شامل دائیں بازو کے اتحادی رہنماؤں ایتمار بن گویر اور بیزلیل اسموٹریچ کو مشاورت کے لئے طلب کر لیا ہے۔ صیہونی وزیر اعظم نے مشاورت کا یہ عمل ایسے وقت میں شروع کیا ہے جب انکے خلاف اندرونی غم و غصہ اور بین الاقوامی دباؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

ٹیگس