امریکہ ایک نئی جنگ چھیڑنے کے درپے ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے: وینزوئیلا کے صدر نکولس مادورو
وینزوئیلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکہ کی جانب سے طیارہ بردار بحری جہاز بھیجے جانے کے بیان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ امریکہ ایک نئی جنگ چھیڑنے کے درپے ہے لیکن ہم جنگ نہیں ہونے دیں گے۔
سحرنیوز/دنیا: قابل ذکر ہے کہ امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ممکنہ فوجی کارروائی کے لئے امریکی بحریہ کا سب سے بڑا طیارہ بردارہ جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ وینزوئیلا کے قریب متعین کرنے کے لئے تیار ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی فوجی ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگ سیتھ نے امریکی بحریہ کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہاز اور 5 تباہ کن جہازوں پر مشتمل امریکی حملہ آور بیڑا متعین کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پینٹاگون ترجمان نے بتایا کہ قومی دفاع و سلامتی کی خاطر امریکی جنوبی کمانڈ نے خطے میں اپنی صلاحیتوں میں اضافے، نگرانی اور غیرقانونی حرکات و سکنات روکنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس وقت بھی 6 ہزار امریکی فوجی خطے میں موجود ہیں جبکہ امریکی طیارہ بردار جہاز اور 5 تباہ کن جہازوں کی تعیناتی سے اس میں 4 ہزار 500 اہلکاروں کا مزید اضافہ ہوجائے گا۔