امریکہ میں ایچ 5 این 5 برڈ فلو سے پہلی انسانی موت، متعلقہ ادارے متحرک
امریکہ میں برڈ فلو کی تقریبا نایاب قسم ایچ 5 این 5 سے پہلی انسانی موت کے بعد صحت سے متعلق ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں ایچ 5 این 5 برڈ فلو سے مرنے والا شخص گریز ہاربر کاؤنٹی (واشنگٹن) کا رہنے والا ایک بزرگ شہری تھا جو پہلے ہی صحت سے متعلق کئی طرح کے مسائل کا شکار تھا۔
حکام کے مطابق متاثرہ شخص کا رابطہ براہِ راست گھریلو پرندوں سے تھا۔ اس کے گھر کے پچھلے حصے میں مرغیاں اور دیگر پرندے رہتے تھے جبکہ چند دن پہلے دو پرندوں کی موت بھی واقع ہوئی تھی۔
محکمۂ صحت کے افسران کا اندازہ ہے کہ وائرس کی منتقلی کا ذریعہ یا تو متاثرہ گھریلو پرندے تھے یا پھر وہاں آنے والے جنگلی پرندے، جو اس علاقے میں آسانی سے داخل ہو سکتے ہیں۔ اس پس منظر کے باوجود حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے قریبی افراد میں سے کسی میں بھی برڈ فلو کی علامات یا منتقلی کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔
دریں اثنا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کمزور مدافعتی نظام اور پہلے سے موجود بیماریوں کی وجہ سے وائرس نے سنگین صورت اختیار کی جس کے نتیجے میں جان لیوا پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
ادھر سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) نے کہا ہے کہ اس واقعے کے باوجود عوام کے لئےخطرہ انتہائی کم ہے تاہم نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ وائرس کے ممکنہ تغیرات اور اس کے پھیلاؤ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
محکمۂ صحت کے حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ بیمار یا مُردہ پرندوں کو چھونے سے گریز کریں، پولٹری فارم کارکن حفاظتی سامان استعمال کریں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً معالج سے رابطہ کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نگرانی، تحقیق اور حفاظتی ضابطوں پر عمل ہی موجودہ خطرے کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ماہرین کے مطابق وائرس کا جینیاتی تجزیہ حیرت انگیز تبدیلیوں کی نشاندہی کرسکتا ہے اسی لئےسائنسی تحقیقات جاری ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok