Nov ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • امریکہ: وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، حملہ آور افغان شہری گرفتار

امریکہ کے دارالحکومت واشگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے نزدیک فائرنگ کرنے والے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فائرنگ میں امریکی نیشنل گارڈز کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے۔

سحرنیوز/دنیا: امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ پولیس نے شہریوں کو جائے وقوعہ کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور اچانک ایک کونے سے نمودار ہوا اور بغیر وارننگ کے فائرنگ کر دی۔ پولیس افسر جیفری کیرول کا کہنا ہے کہ  حملہ اکیلے ایک بندوق بردار نے کیا۔ ابھی تک کسی دوسرے مشتبہ شخص کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کے روز دوپہر ڈھائی بجے پیش آیا۔

امریکی حکام کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت 29 سال کے افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کے طور پر کی گئی ہے۔ حملہ آور کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ حملہ آور کو کس نے گولی ماری۔گارڈ کے کسی رکن نے یا کسی پولیس اہلکار نے۔ زخمی حملہ آور خطرے سے باہر ہے۔

وائٹ ہاؤس: فائرنگ کا مقام

 

واقعے کے فوراً بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ میٹروپولیٹن پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سڑکیں بند کر دی گئیں، پولیس کی متعدد گاڑیاں اور ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تحقیقاتی ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے حملہ آور کو ’جانور‘ قرار دیا اور کہا کہ اسے اس حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

 

ٹیگس