Oct ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran

کرکٹ عالمی کپ 2023 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شکست پر ہندوستان میں غاصب اسرائیل کے سفیر نے ایک بے تُکا بیان دیا ہے۔

سحرنیوز/اینٹرٹینمنٹ: غاصب اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اسلامی استقامتی محاذ کے "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے اور اس درمیان اسرائیل کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ اس ناقابل تلافی نقصان سے اسرائیل بہت زیادہ بوکھلایا ہوا ہے اور اس کی بوکھلاہٹ کے نمونے روزانہ منظر عام پر آ رہے ہیں۔ اسرائیلی بوکھلاہٹ اور رذالپن کا تازہ نمونہ دہلی میں غاصب اسرائیل کے سفیر نے پیش کیا ہے۔

غاصب اسرائیلی سفیر ناؤر گلون Naor Gilon کا بیان ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ سے متعلق ہے۔ جیسا کہ خبروں میں پہلے بتایا گیا ہے، کرکٹ عالمی کپ 2023 کا بارہواں میچ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گزشتہ روز ہندوستان کے شہر احمد آباد میں کھیلا گیا اور اس میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی۔ ہندوستان کی جیت پر اسرائیلی سفیر نے ہندوستانیوں کو مبارک باد پیش کی۔

یہاں تک تو ٹھیک ہے لیکن اس کے بعد اسرائیلی سفیر نے جو کچھ کہا وہ ان کی بوکھلاہٹ اور رذالت کا عکاس ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی سفیر نے کہا کہ "پاکستان آج اپنی جیت، بقول ان کے، حماس کے دہشت گردوں کے نام نہیں کرسکا۔" غاصب اسرائيل کے سفیر نے اپنے سوشل میڈیا "ایکس" پیج پر لکھا کہ "ہفتے کو احمد آباد میں ہندوستان پاکستان کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔ اس عظیم مقابلے میں ہندوستان نے پاکستان کو کراری شکست دی۔ آج پاکستان اپنی جیت ، بقول ان کے، حماس کے دہشت گردوں کے نام نہیں کرسکا۔"

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے والے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرایا تھا جس میں پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے سینچری بنائی تھی۔ محمد رضوان نے اپنی سینچری اور جیت غزہ پٹی کے عوام کے نام کردی تھی۔ اب جب پاکستان کی ٹیم کو شکست ہوئی تو اسرائیلی سفیر نے بوکھلاہٹ اور رذالپن سے بھرا بے تُکا بیان دیا۔

 

ٹیگس