Jan ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں یوم جمہوریہ اور ٹریکٹر ریلی

دہلی پولیس نے یوم جمہوریہ کی تقریب کے اختتام کے بعد کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے لئے اجازت دی ہے۔

منگل 26 جنوری کو کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کی راہ میں تمام رکاوٹیں اب ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہیں اس لئے کہ  دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر(خفیہ) دیپیندر پاٹھک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی پولیس نے کسان تنظیموں سے پانچ سے چھ مرتبہ کی طویل بات چیت کے بعد کسانوں کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کی تقریب کے بعد ٹریکٹر ریلی کی اجازت دے دی۔

دوسری جانب دہلی کی جانب ٹریکٹروں کی ریلی رواں دواں ہے اور ٹریکٹروں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جس سے دکھائی دیتا ہے کہ کسان تنظیموں نے ٹریکٹر پریڈ کے لئے زبردست تیاریاں کی ہیں اور ٹریکٹر پریڈ کے لئے پہنچنے والے نوجوان کسانوں اور خواتین کا جنون اور جذبہ دیکھنے والا ہے۔

ٹریکٹر پریڈ کے لئے ٹریکٹروں کی بڑھتی تعداد پر غور کرتے ہوئے سونی پت انتظامیہ نے 28 جنوری تک دہلی میں آمدورفت نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی سونی پت کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں آج پیر کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سابق کانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کا حق چھین کر اپنے صنعتکار دوستوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے اس لئے دہلی کی سرحدوں کی ناکہ بندی کی جارہی ہے۔

کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ جس حکومت چینی افواج کو سرحد پر ہندوستانی حدود میں داخل ہونے سے روکنا چاہئے تھی وہ اپنے حق کی مانگ کے لئے آرہے کسانوں کو روکنے کے لئے دہلی کی سرحدوں پر ناکہ بندی کررہی ہے۔

ٹیگس