چین کے مسئلے پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ: ملک ارجن کھڑگے
ہندوستانی کانگریس پارٹی کے صدر، ملک ارجن کھڑگے نے ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان حالیہ تصادم کے بارے میں ایوان میں بحث نہ کرانے کے حکومتی اقدام پر کڑی تنقید کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں، اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ بقول ان کے، چین ہمارے ملک کی سرحد کے اندر گھس آیا ہے اور سرحد کے ساتھ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل علاقوں میں تعمیراتی کام کر رہا ہے پھر بھی حکومت اس بارے میں بحث کرانے کو تیار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شمال مشرقی سرحد پر اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل علاقوں میں چین، جس طرح اپنی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے وہ ملک کی سلامتی کے لئے تشویشناک ہے۔
انہوں نے وزیراعظم مودی سے سوال کیا کہ مودی جی، ملک میں چین کے مسئلے پر بحث کب ہوگی؟
کانگریس پارٹی کے صدر نے کہا کہ شمال مشرقی سرحد کے قریب چین کے ذریعے مسلسل تعمیراتی کام، ہندوستان کے اسٹریٹیجک کوریڈور کو خطرے میں ڈال رہی ہے جو شمال مشرقی ریاستوں کے لئے گیٹ وے ہے، اور چین کا یہ اقدام ہماری قومی سلامتی کے لئے باعث تشویش ہے۔