Oct ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مودی حکومت فوج کے وقار کو ٹھیس پہنچا رہی ہے، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے

ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت اپنی تشہیر کے لئے فوج کا استعمال کر رہی ہے اور اس کا یہ قدم فوج کی شجاعت کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے خبررساں ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت فوج کے وقار کو ذہن میں رکھے بغیر اپنی حکومت کی کامیابیوں کی تشہیر کے لئے فوج کا استعمال کر رہی ہے اور اس کا یہ قدم فوج کی شجاعت کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ "ایکس" پر لکھا کہ "ملک کی حفاظت کرنے والے ہمارے ہندوستانی فوج کے بہادروں کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاکر مودی جی خود کی تشہیر کروا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں فوج کا سیاسی استعمال کر کے مودی حکومت نے وہ کام کیا جو گزشتہ 75 برس میں کبھی نہیں ہوا۔"
انہوں نے کہا مودی حکومت نے سرکاری اسکیموں کی تشہیر کے لئے فوج کو ملک بھر میں 822 سیلفی پوائنٹس قائم کرنے کے لئے کہا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کو ہندوستانی فوج کی بہادری اور قربانی پر بے حد فخر ہے اور یہ کہ بی جے پی نے، جو قوم پرستی کا سبق پڑھاتی ہے، ہندوستانی فوج کے وقار کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

 

ٹیگس