ہندوستان ٹینشن میں، چین میں پھیلنے والی پراسرار بیماری کا شاخسانہ
چین میں رواں سال میں پہلی بار کووڈ 19 سے متعلق پابندیوں میں نرمی دی ہی گئی تھی کہ ایک اور نئی اور پراسرار بیماری نے ڈیرا ڈال لیا ہے۔ اس نئی بیماری نے چین کے ہمسایہ ملک ہندوستان کو ٹینشن میں ڈال دیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق چین میں نئی پراسرار سانس کی بیماری کے بڑھتے معاملات نے ہمسایہ ملک ہندوستان کو ایک نئی ٹینشن سے دوچار کردیا ہے جس کے نتیجے میں ہندوستان کی 6 ریاستیں الرٹ موڈ پر ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چین میں سانس کی ایک پراسرار بیماری پھیل رہی ہے جس کے پیش نظر ہندوستان کی 6 ریاستیں گجرات، راجستھان، ہریانہ، اتراکھنڈ، کرناٹک اور تمل ناڈو الرٹ موڈ پر ہیں۔ اس کے علاوہ، ان تمام ریاستوں میں سانس کی بیماریوں کے مسئلے سے جلد نمٹنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
چین میں بچوں میں سانس کی پراسرار بیماری کے تیزی سے بڑھتے معاملات کے پیش نظر ہندوستان کی 6 ریاستوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ لوگوں کے لئے جاری کی گئی ایڈوائزری میں لوگوں کو کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک ڈھانپنے، بار بار ہاتھ دھونے، چہرے کو چھونے سے کریز کرنے اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک لگا کر جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں فی الحال پریشان کن حالات نہیں ہیں لیکن احتیاطی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے عہدہ داروں کو اس سلسلے میں اپنی تیاریوں کا جائزہ لینے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے اور سانس کی بیماریوں کے معاملات کی نگرانی بڑھانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔