ہندوستان آئندہ چند برسوں میں دنیا کی 3 بڑی اقتصادی طاقتوں میں شامل ہوجائے گا: نریندرمودی
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک آئندہ چند برسوں میں دنیا کی 3 بڑی اقتصادی طاقتوں میں شامل ہوجائے گا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے شہر احمد آباد کے گاندھی نگر میں وائبرینٹ گجرات گلوبل سمّٹ کا آغاز ہوگیا جس میں دنیا کے پانچ ملکوں کے سربراہان مملکت سمیت متعدد ملکوں کے حکام اور مندوبین نے شرکت کی۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارت کے سربراہ شیخ محمد بن زائد آل نہیان، جمہوریہ چیک کے وزیراعظم فیالا اور موزامبیق کے صدرنیوسی سمیت پانچ ملکوں کے سربراہان موجود تھے۔
اس سمّٹ میں چونتیس ممالک اور سولہ بین الاقوامی ادارے شریک ہیں اس بین الاقوامی سمّٹ کو خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان آئندہ چند برسوں میں دنیا کی تین بڑی اقتصادی طاقتوں میں شامل ہوجائے گا۔
اجلاس میں موجود دیگر ملکوں کے سربراہوں اور مندوبین کو خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم نے کہاکہ ان کا ملک اگلے پچیس برسوں کے ویژن پر کام کررہا ہے اور جب ہندوستان اپنی آزادی کی ایک سویں سالگرہ منائے گا تو اس وقت تک ہندوستان ترقی یافتہ ملک میں تبدیل ہوچکا ہوگا۔
اجلاس کی سائڈ لائن پر ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف میدانوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے۔
اس سے پہلے منگل کو ہندوستانی وزیراعظم اور متحدہ عرب امارت کے سربراہ نے احمد آباد میں روڈ شو بھی کیا تھا۔