Mar ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۹:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: آسام میں سی اے اے کے خلاف کانگریس سمیت 16 پارٹیوں نے ہڑتال کا اعلان کردیا

یونائٹیڈ اپوزیشن فورم آسام نے سی اے اے کے نفاذ کے خلاف ریاستی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت کے ذریعہ متنازعہ شہریت ترمیمی قانون، سی اے اے، کے نفاذ کے ساتھ ہی ریاست آسام میں اس کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔  رپورٹ کے مطابق کانگریس سمیت ریاست کی 16 سیاسی پارٹیوں نے منگل، 12 مارچ، کو سی اے اے کے خلاف ریاست گیر ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ یونائٹیڈ اپوزیشن فورم، آسام (یواوایف اے) نے، جس میں 16 سیاسی پارٹیاں اور گروپ شامل ہیں، جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے آسام کے دو روزہ دورے کے موقع پر احتجاج کیا تھا۔ فورم نے مودی کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ جب سی اے اے نافذ ہوگا تو اس کے اگلے ہی دن ریاست گیر ہڑتال کی جائے گی، اس کے بعد جنتا بھون (سیکریٹریٹ) کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

 

سی اے اے کے خلاف اپوزیشن فورم کی ہڑتال کے اعلان پر آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سیاسی پارٹیاں عدالتی احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاستی ہڑتال کرتی ہیں تو ان کا رجسٹریشن ختم ہو سکتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا ہے کہ "2019 کے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف کسی بھی اعتراض کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے، سڑکوں پر احتجاج کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ یہ پہلے ہی قانون بن چکا ہے۔" ہیمنت بسوا سرما نے مزید کہا کہ "ہر کسی کو احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن اگر کوئی سیاسی پارٹی عدالتی احکام کی خلاف ورزی کرتی ہے تو اس کا رجسٹریشن منسوخ کیا جا سکتا ہے۔"

ٹیگس