Mar ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۱ Asia/Tehran
  • رمضان المبارک کی خوشیاں مسلمانوں کو مبارک ہوں: نریندرمودی

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے آغاز کی مبارکباد پیش کی ہے ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر ایک پیغام جاری کرکے رمضان المبارک کی آمد پر سب کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

رمضان المبارک کے آغاز کی مناسبت سے اپنے مبارکباد کے پیغام میں ہندوستان کے وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ اس مقدس مہینے کی خوشیاں سب کو مبارک ہوں ۔ نریندرمودی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ میری دعا ہے کہ یہ مقدس مہینہ سب کی زندگیوں میں خوشیاں، اچھی صحت اور خوشحالی لائے۔

یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور خطے کے بعض دیگر ملکوں کی طرح ہندوستان میں بھی آج سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے سپریم کورٹ سے حکومت کو نئے قانون کے تحت الیکشن کمشنروں کی تقرری سے روکنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی نے الیکشن کمشنروں کی تقرری کے تعلق سے سپریم کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کردی ہے۔ درخواست کنندہ کانگریسی لیڈر جیا ٹھاکر نے عدالت عظمی سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے انتخابات کے پیش نظر مرکزی حکومت کو ہدایت دی جائے کہ دو الیکشن کمشنروں کی تقرری دسمبر 2023 میں پاس ہونے والے نئے قانون کے تحت نہ کرے ۔

سپریم کورٹ میں دائر کردہ اپیل میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشنروں کی تقرری سے متعلق نیا قانون آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے اصولوں کے منافی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ملک کی عدالت عظمی سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمشنروں کی تقرری، نئے قانون کے بجائے، انوپ برنوال کیس میں دی گئی آئينی بینچ کی ہدایت کے مطابق کی جائے ۔

ٹیگس