Mar ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ہندوستان کے کسانوں نے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اپنی مہم تیز کرتے ہوئے دہلی میں جمعرات، 14 مارچ کو دہلی میں مہاپنچایت یا عظیم ریلی کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق متحدہ کسان محاذ (ایس کے ایم) نے کہا ہے کہ دہلی پولیس نے اسے 14 مارچ کو رام لیلا میدان میں 'کسان مزدور مہاپنچایت' منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ دہلی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے سخت شرائط کے ساتھ اجازت دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سینٹرل) ایم ہرش وردھن نے کہا کہ ہم نے سخت شرائط عائد کی ہیں اور ایس کے ایم کے رہنماؤں نے ایک حلف نامے پر دستخط کیے ہیں کہ وہ شرائط کی پابندی کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق، ایس کے ایم نے کہا ہے کہ مہاپنچایت میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 'لڑائی تیز کرنے' کی قرارداد منظور کی جائے گی۔ ایس کے ایم  نے اس بات پر زور دیا کہ مہاپنچایت پرامن رہے گی۔

مہاپنچایت میں مودی حکومت کی کارپوریٹ حمایتی، فرقہ وارانہ اور آمرانہ پالیسیوں کے خلاف جدوجہد تیز کرنے اور زراعت، خوراک کی حفاظت اور روزگار وغیرہ کے حوالہ سے ’عہد نامہ‘ بھی جاری کیا جائے گا۔

ایس کے ایم نے ایک بیان میں دعویٰ کیا، ’’دہلی پولیس نے 14 مارچ 2024 کو رام لیلا میدان میں مہاپنچایت منعقد کرنے اور دہلی میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر پارکنگ کی جگہ اور پانی، بیت الخلا اور ایمبولینس جیسی دیگر بنیادی سہولیات کے انتظامات کرنے کے لیے سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کر دیا گیا ہے۔‘‘

ایس کے ایم نے کسانوں اور کارکنوں سے ’کسان مزدور مہاپنچایت‘ میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ اس تقریب کو ’سیاسی لحاظ سے اہم اور کامیاب‘ بنانے کے لیے تیاریاں زوروں پر ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مہاپنچایت مودی حکومت کی کارپوریٹ نواز، فرقہ وارانہ، آمرانہ پالیسیوں کے خلاف لڑائی کو تیز کرنے اور کاشتکاری، خوراک کی حفاظت، ذریعہ معاش اور لوگوں کو کارپوریٹ لوٹ مار سے بچانے کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے 'عہد نامہ' جاری کیا جائے گا۔

ایس کے ایم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے مہاپنچایت آئندہ لوک پارلیمانی انتخابات کے تناظر میں کسانوں اور مزدوروں کے حقیقی مطالبات کے لیے جاری جدوجہد کو تیز کرنے کے بارے میں مستقبل کے لائحۂ عمل کا اعلان کرے گی۔ اس میں قریبی ریاستوں کے لوگ بھی حصہ لیں گے۔

ٹیگس