Mar ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مدھیہ پردیش میں مسجد کمال مولیٰ بھوج شالا کا سروے شروع، بھوج شالہ میں سرسوتی مندر یا کمال مولیٰ مسجد؟

ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں واقع سخت سیکورٹی کے درمیان مسجد کمال مولیٰ  بھوج شالا کا سروے شروع ہوگیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: بھوپال سے میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے حکم پر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی ٹیم نے آج جمعہ کو دھار میں واقع مسجد کمال مولا بھوج شالہ کا سروے شروع کر دیا۔ اے ایس آئی کی ٹیم بھوج شالہ کا آثار قدیمہ اور سائنسی لحاظ سے سروے کر کے شواہد اکٹھے کرے گی اور یہ واضح کرے گی کہ بھوج شالہ میں سرسوتی مندر ہے یا کمال مولیٰ مسجد؟


قابل ذکر ہے کہ مسجد فریق کی طرف سے ہائی کورٹ کے سروے کے حکم پر روک لگانے کی عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی گئی تھی جسے سپریم کورٹ نے خارج کر دیا۔ مولانا کمال الدین ویلفیئر سوسائٹی نے عرضی دائر کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جمعہ کی صبح دہلی اور بھوپال سے دھار پہنچی اے ایس آئی کی ٹیم سروے کے لیے تکنیکی آلات کے ساتھ بھوج شالہ میں داخل ہوئی۔ اس دوران مسجد کیمپس کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ گیٹ پر میٹل ڈیٹیکٹر بھی لگا دیا گیا ہے۔

رمضان کا مہینہ اور جمعہ کا دن ہے۔ اس لیے کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لیے حفاظت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ سماعت کے بعد پیر کے روز عدالت نے اے ایس آئی کو 5 ماہرین کی ٹیم بنانے کے لیے کہا تھا۔ اس ٹیم کو چھ ہفتوں میں اپنی رپورٹ تیار کر کے عدالت کے حوالے کرنی ہے۔  

 

ٹیگس