ہندوستان، پولیس اور کسانوں کے درمیان تصادم، کسان رہنما نے کیا خبردار
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی اور ریاست ہریانہ کی سرحد پر پولیس اور احتجاجی کسانوں کے درمیان تصادم کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کو دہلی کے شمبھو بارڈر پر کسانوں نے دہلی کی طرف مارچ کی کوشش کی اور پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا جس کے نتیجے میں جھڑپ ہوگئی۔ اس رپورٹ کے مطابق پولیس نے دہلی اور ہریانہ کی سرحد پر بیریکیڈ لگا رکھی تھی تاکہ کسان آگے نہ بڑھ سکیں لیکن آج کسانوں نے بیریکیڈ پار کرکے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں روکنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے کسانوں پر واٹر کینن سے پانی کی بوچھار مارنے کے ساتھ ہی آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔
یاد رہے کہ دہلی اور ہریانہ کی سرحد پر کسان تین سو سات دن سے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اسی کے ساتھ دہلی اور یوپی کی سرحد پر بھی کسان اپنے مطالبات کو لے کر گزشتہ دنوں سےدھرنے پر بیٹھے ہیں اور انھوں نے بھی کہا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو دہلی کی طرف مارچ کریں گے۔ یاد رہے کہ ہندوستان کے ممتاز کسان رہنما راکیش ٹکیت نے خبردارکیا ہے کہ اگر کسانوں کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو دہلی کو اس کے اطراف کی شاہراہوں پر ٹریکٹر کھڑے کرکے گھیرنے کی حکمت عملی پر عمل کیا جائے گا۔