کیا مودی نے ٹرمپ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں؟ کانگریس کا امریکی صدر کے بیان پر سخت رد عمل
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے ہندوستان کی طرف سے ٹیرف میں کمی کے ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے امریکی صدر ٹرمپ کے دعوے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سچ ہے کہ ہندوستان نے ٹیکس میں کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے تو یہ مودی حکومت کا اقتصادی سرنڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ہندوستانی معیشت پر سنگین اثر پڑے گا۔ کھیڑا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہندوستان نے اپنے ٹیکس پر کافی حد تک کمی کرنے پر اتفاق کر لیا ہے تاہم ٹرمپ کے اس بیان پر ابھی تک ہندوستانی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب ہندوستان کے مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں اور کانگریس پارٹی نے اس دورے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ ایک سو چالیس کروڑ ہندوستانی شہری اپنے ملک کی حکومت کی تجارتی پالیسی امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعے جان رہے ہیں۔