ہندوستان: حزب اختلاف کا مودی سے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد نے وزیراعظم مودی کو خط لکھ کر جنگ بندی سے متعلق ٹرمپ کے بیانات کی وضاحت کے لئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران نے تین جون کو ایک انتہائی اہم پریس کانفرنس کی۔ اس دوران حزب اختلاف کی جماعتوں کے لیڈروں نے پہلگام حملے، جنگ بندی اور ٹرمپ کی بیان بازی سمیت کچھ دیگر اہم امور پر وزیر اعظم نریندر مودی سے خصوصی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیامیٹنگ میں شامل کانگریس لیڈر دیپیندر ہڈا نے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے اور پاکستان کے ساتھ جنگ بندی پر امریکی صدر ٹرمپ کی بیان بازی پر اٹھ رہے سوالوں کو لے کر ہم نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب دنیا کے ملکوں کو معلومات فراہم کرنے کے لئے مختلف ملکوں میں وفود بھیجے جارہے ہيں تو پارلیمنٹ کو کیوں نہيں بتایا جارہا ہے؟ دپیندر ہڈا نے کہا کہ سولہ سیاسی پارٹیوں نے اپنے سبھی لیڈروں کے ذریعے ایک خط پی ایم مودی کے نام لکھا ہے اور مشترکہ طور سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب پہلگام میں حملہ ہوا تو کانگریس پارٹی اور تمام اپوزیشن پارٹیوں نے مکمل طور پر حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا ہے۔ ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن نے اس تعلق سے بتایا کہ سولہ پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے پی ایم مودی کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ اگلے دو تین دنوں میں خصوصی پارلیمانی اجلاس کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان دستخطی مہم چلائی جائے گی۔