مبینہ ووٹ چوری کے خلاف ہندوستانی حز ب اختلاف کی مہم
ہندوستان کے اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ووٹ چوری کے خلاف ان کی مہم عوامی تحریک بن چکی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس کی قیادت میں انڈیا اتحاد نے ووٹ چوری کے خلاف جو مہم شروع کی ہے وہ اب عوامی تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ مسٹرراہل گاندھی نے اپنے سماجی رابطے کے پیج پر لکھا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں اس مہم کے تعلق سے پندرہ لاکھ سے زائد حمایتی سرٹیفکٹ ڈاؤنلوڈ کئے گئے جبکہ دس لاکھ سے زائد ٹیلیفون کال کے لئے مہم کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ "یہ ہے آج کے ہندوستان کی جمہوریت کی حقیقی تصویر، سچائی کی دبی آوازیں جو ہماری مہم کے ذریعے بلند ہوکر سامنے آرہی ہیں۔ یاد رہے کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں کے انڈیا اتحاد نےبی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کی مبینہ ملی بھگت سے ووٹ چوری کے خلاف گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کےہیڈآفس تک مارچ کی کوشش کی تھی جس کو پولیس نے راستے میں ہی روک دیا۔