Oct ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • امریکہ سے باہر گُوگل کا سب سے بڑا مرکز ہندوستان میں

عالمی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ سرچ انجن کمپنی گُوگل نے امریکہ سے باہر اپنا سب سے بڑا مرکز ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: عالمی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ سرچ انجن کمپنی گُوگل نے امریکہ سے باہر اپنا سب سے بڑا مرکز ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق گُوگل نے ریاست آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم شہر میں ایک گیگا واٹ کا ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کے منصوبے اور اگلے 5 سال (2026-2030) میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔  

گُوگل کمپنی نے کہا کہ اس ڈیٹا سینٹر کو ایک عالمی اے آئی مرکز کے طور پر تیار کیا جائے گا جو ایشیا اور دنیا کے دیگر ممالک کی خدمت کرے گا۔ اس مقصد کے حصول کے لئے گُوگل نے زیر سمندر کمیونیکیشن کیبل لینڈنگ اسٹیشن اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن انفراسٹرکچر تیار کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ امریکہ سے باہر کمپنی کا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔ 

رپورٹ کے مطابق گُوگل کلاؤڈ گلوبل کے منتظمِ اعلیٰ )سی ای او( تھامس کورین نے بدھ کو دہلی میں گُوگل کے زیر اہتمام منعقدہ "بھارت اے آئی شکتی" تقریب میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ سے باہر گُوگل کا سب سے بڑا ڈیٹا سینٹر ہوگا اور یہ کہ یہ کمپنی 12 ممالک میں ڈیٹا مراکز کا نیٹ ورک بنا رہی ہے۔ 

اس موقع پر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندربابو نائیڈو، آندھرا پردیش کے وزیر اطلاعات و نشریات نارا لوکیش، مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ تھامس کورین نے کہا کہ وشاکھاپٹنم اے آئی ہب کی صلاحیت بالآخر کئی گیگا واٹ ہوجائےگی۔

قبل ازیں، آندھرا پردیش حکومت اور گُوگل کے حکام نے وشاکھاپٹنم ہائپر اسکیل ڈیٹا سینٹر کیمپس کے لئے کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ یہ مرکز نائیڈو حکومت کے  اے آئی سٹی وشاکھاپٹنم پروجیکٹ کے مرکز کے طور پر کام کرے گا اور ہندوستان میں ایک لاکھ 80 ہزار ملازمتیں پیدا کرے گا۔

 

ٹیگس