بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر کی دیوالی پوسٹ نے انسانیت کو کیا شرمسار، جس نے پڑھا اس نے کہا تمہاری فلموں سے بھی بدتر تمہاری سوچ ہے
بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر رام گوپال ورما کی دیوالی کے موقع پر کی گئی ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر ہنگامے کا سبب بن گئی ہے۔ صرف چند گھنٹوں میں ان کے اس متنازع بیان کو 13 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ڈائریکٹر رام گوپال ورما کی دیوالی کے موقع پر کی گئی پوسٹ میں انھوں نے ہندوستان میں منائی جانے والی دیوالی کا موازنہ غزہ میں جاری تباہی سے کیا ہے، جس کے بعد انہیں ہر جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دیوالی کی رات تقریباً آٹھ بجے رام گوپال ورما نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، ’’ہندوستان میں صرف ایک دن دیوالی ہوتی ہے اور غزہ میں ہر دن دیوالی ہوتی ہے۔‘‘ اس کے ساتھ انہوں نے تین فائر ایموجی بھی لگائے۔ چند ہی لمحوں میں یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی اور بحث کا موضوع بن گئی۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس بیان کو غیر حساس اور غیر انسانی طنز قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’تمہیں انسان بننے میں برسوں لگیں گے، تمہیں خوشی اور تباہی کا فرق نہیں معلوم۔‘‘ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، ’’توجہ حاصل کرنے کا گھناؤنا طریقہ۔ بہترین مکیومنٹری فلم کا ایوارڈ تمہیں ہی ملنا چاہیے۔‘‘

سوشل میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا، ’’تمہارے دماغ کا کچرا دیکھ کر حیرت ہوئی۔ دیوالی جیسے مقدس تہوار کو تم نے مذاق بنا دیا۔ تمہاری فلموں سے بھی بدتر سوچ ہے تمہاری۔‘‘ معروف مصنف اشوک کمار پانڈے نے بھی ورما پر ناراضگی ظاہر کی اور لکھا، ’’کبھی نہیں سوچا تھا کہ تم اتنے نیچے گر جاؤ گے۔‘‘ اسی دوران ایک شخص نے کہا، ’’غزہ کو تمہارے ڈارک ہیومر کی نہیں، انسانیت کی ضرورت ہے۔ جنگ میں کسی قسم کا جشن نہیں ہوتا۔‘‘gazaلشظش

یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 68 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور 1.7 لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ہزاروں بے گھر افراد اب شمالی غزہ واپس جا رہے ہیں لیکن وہاں تباہی اور افراتفری ان کا استقبال کر رہی ہے۔ مبصرین کا ماننا ہے کہ غاصب اسرائیل غزہ میں جو ظلم کر رہا ہے وہ انسانی تاریخ کے بدترین ابواب میں سے ایک ہے۔