ہندوستان: سمندری طوفان "مونتھا" کے نتیجے میں کئی ریاستوں میں عام زندگی درہم برہم
ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں سمندری طوفان "مونتھا" نے ساحلی علاقوں میں تباہی مچادی ہے اور اس طوفان نے ساحل سے ٹکرانے کے بعد کئی ریاستوں میں عام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے محکمۂ موسمیات ( ائی ایم ڈی ) کے مطابق مونتھا طوفان آندھرا پردیش کے ساحل کو پار کر گیا ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار ایک سو دس کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ چھہتر ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
طوفان کے اثرات اوڈیشہ، تلنگانہ، چھتیس گڑھ سے لے کر اترپردیش اور بہار تک محسوس کئے جا رہے ہیں۔
سمندری طوفان ’مونتھا‘ نے آج بدھ انتیس اکتوبر کی صبح آندھرا پردیش کے ساحل کو پار کر لیا، جس کے بعد ریاست کے کئی ساحلی علاقوں میں شدید تباہی اور بھاری نقصان کی اطلاعات ملی ہیں۔ اس طوفان کے باعث تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد کی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ طوفان کا اثر پورے شہر میں محسوس کیا گیا۔
آئی ایم ڈی نے ایک بیان میں بتایا کہ شدید گردابی طوفان مونتھا ساحل سے ٹکرانے کے بعد کمزور پڑ گیا ہے تاہم کئی علاقوں میں تیز بارش اور آندھی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اس محکمہ نے بتایا کہ طوفان کے پیشِ نظر تقریباً چھہتر ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے دوسو انیس امدادی کیمپ قائم کیے ہیں۔