Nov ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • عالمی کپ جیتنے والی ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم سے ٹرافی واپس لی جائے گی، کیوں؟

اطلاعات کے مطابق گزشتہ اتوار کو ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے فائنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست دے کر عالمی کپ جیتنا تھا اور ٹرافی حاصل کی تھی لیکن اب یہ ٹرافی واپس لی جائے گی۔

سحرنیوز/ہندوستان: آئی سی سی نے ایک اصول بنایا تھا جس کے تحت جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی صرف فوٹو شوٹ اور وکٹری پریڈ کے لیے دی جاتی ہے۔ اس کے بعد ٹرافی کو واپس لے کر آئی سی سی کے دبئی واقع ہیڈ کوارٹر میں رکھ دیا جاتا ہے

ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے اتوار کو ممبئی میں کھیلے گئے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلی بار ایک روزہ عالمی کپ جیتا تھا۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 52 رن سے ہرایا تھا۔ اس شاندار فتح کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں کی ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں لیکن اب ہندوستانی ٹیم سے یہ ٹرافی واپس لے لی جائے گی، کیوں؟ اس کی وجہ بھی بتاتے ہیں، حیران نہ ہوں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ایسا آئی سی سی کے ایک خاص اصول کے تحت کیا جائے گا۔ در اصل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، آئی سی سی، نے تقریباً 26 سال پہلے ایک اصول بنایا تھا جس کے تحت جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی صرف فوٹو شوٹ اور وکٹری (فتح) پریڈ کے لیے دی جاتی ہے۔ اس کے بعد ٹرافی کو واپس لے کر آئی سی سی کے دبئی میں واقع ہیڈ کوارٹر میں رکھ دیا جاتا ہے۔ جیتنے والی ٹیم کو بعد میں اس کی ایک نقلی ٹرافی دی جاتی ہے، جو بالکل اصلی جیسی ہوتی ہے۔ بس یہی وجہ ہے۔ اس اصول  کا مقصد ٹرافی کو چوری یا نقصان سے بچانا بتایا گیا ہے۔

خواتین ورلڈ کپ 2025 کی ٹرافی کا وزن تقریباً 11 کلو گرام ہے اور اس کی اونچائی تقریباً 60 سینٹی میٹر ہے۔ یہ سونے اور چاندی سے بنائی گئی ہے۔ ٹرافی کے تین چاندی کے کالم اسٹمپ اور بیلز کی شکل کے ہیں جبکہ اس کا اوپری حصہ گولڈ گلوب ہے۔ اس پر اب تک کی تمام فاتح ٹیموں کے نام کندہ ہیں۔

اس بار ہندوستان کا نام پہلی بار اس ٹرافی میں شامل ہوا ہے۔ اب تک کھیلے گئے خواتین کے 13 ورلڈ کپ ٹورنامینٹوں میں آسٹریلیا نے 7 بار، انگلینڈ نے 4 بار اور نیوزی لینڈ اور ہندوستان نے ایک ایک بار عالمی چیمپین شپ کا خطاب جیتا ہے۔

 

ٹیگس