تہران دہلی تعلقات کے فروغ کا عمل تیزی سے آگے بڑھے گا: مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کورونا کی بنا پر ایران اور ہندوستان کے تعلقات کی بہتری کا عمل سست روی کا شکار ہوا ہے اور اس وبا کے خاتمے کے ساتھ ہی تہران اور دہلی کے تعلقات کے فروغ کا عمل تیزی سے آگے بڑھے گا۔
سحر نیوز/ہندوستان: ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات میں اپنے دورۂ ایران کی خوشگوار یادوں کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ رہبر انقلاب اسلامی اور ایران کے صدر کو اپنا پرخلوص سلام پیش کیا۔ انہوں نے ایران اور ہندوستان کے دیرینہ تاریخی تعلقات کے ماضی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی بنا پر ایران اور ہندوستان کے تعلقات کی بہتری کا عمل سست روی کا شکار ہوا ہے اور اس وبا کے خاتمے کے ساتھ ہی تمام شعبوں میں تہران اور دہلی کے تعلقات کے فروغ کا عمل تیزی سے آگے بڑھے گا۔
نریندر مودی نے دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ سمجھوتوں کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کا عمل تیز کرنے کے لئے بھی اپنے ملک کی آمادگی کا اظہار کیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے اسی طرح صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے دورہ ایران کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے جواب میں ایران کے صدر کو ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ نئی دہلی میں ہندوستانی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں اور مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے حکام میں پائے جانے والے مشترکہ نظریات پر تاکید کی اور دونوں ملکوں میں تعاون کے مختلف مواقع کا ذکر کیا۔