پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا سبق ایرانی عوام سے سیکھنا چاہئیے: وزیر خارجہ پاکستان
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا سبق ایرانی عوام سے سیکھنا چاہئیے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں مشہد مقدس جاکر فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ اسلام کے حرم مطہر کی زیارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ روضۂ امام علی رضا علیہ السلام پر غیر ملکی زائرین کی بڑی تعداد پاکستانیوں کی ہے اور انہیں مشہد کا سفر کرنے اور آپؑ کی زیارت کرنے کا بڑا اشتیاق تھا۔
بلاول بھٹو زرداری جب مشہد مقدس کی ہاشمی نژاد ایئر پورٹ پر پہنچے تو صوبے خراسان رضوی کے ڈپٹی گورنر جنرل برائے سیاسی، سلامتی اور معاشرتی امور سید ہادی طباطبائی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کل میں نے ایران کے صدر کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی اور یہ کسی ایرانی عہدیدار سے میری پہلی ملاقات کے طور پر ہمیشہ کیلئے میری یادداشت میں رہے گی۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے دوران، ایران کے صدر نے یہ بات کہی کہ ایرانیوں کے بعد، پاکستانی قوم دوسری بڑی مسلم کمیونٹی ہے جو حضرت امام علی رضا (ع) کے روضۂ مقدس کی زیارت کرتی ہے۔
مشہد مقدس کے دورے سے قبل تہران میں پاکستانی سفارتخانے میں سفارتکاروں اور اہم تجارتی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے امریکی پابندیوں کے باوجود اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر پابندیوں کا مقابلہ کیا اور ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہئیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور پاکستان کے حکام کے درمیان دوروں اور ملاقاتوں کو باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے بہت اہم قرار دیا اور کہا پاکستانی حکومت کی پالیسیوں میں سے ایک یہ ہے کہ ایران کے ساتھ ان تعلقات کو مضبوط کیا جائے اور ان کو ہر ممکن حد تک وسعت دی جائے اور میں اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ ایرانیوں کی قابل قدر مہمان نوازی کو سراہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کورونا کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات میں وسعت آئے گی۔