تباہ کن بحری جہاز جماران کیش کی بندرگاہ پر لنگر انداز
میرین انڈسٹریز کی نمائش کے موقع پر ایرانی ماہرین کا تیار کردہ تباہ کن بحری جہاز جماران کیش کی بندرگاہ پرلنگر انداز ہوگیا ہے۔
سحر نیوز/ایران: ایران کا تباہ کن بحری جہاز جماران انتہائی جامع انتظامی نظام سے لیس ہیلی کاپٹر بردار بحری جہاز ہے۔ اس میں سمندر کی سطح اور سمندر کے اندر سفر کرنے والے اہداف کا پتہ لگانے، انہیں کروز میزائلوں اور تارپیڈو سے نشانہ بنانے کی توانائی بھی موجود ہے۔
تباہ کن بحری جہاز چودہ سال سے ایرانی بحریہ کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے اور اسے مکمل طور سے ایران کے دفاعی اور سائنسی ماہرین نے مقامی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا ہے۔ یہ بحری جہاز پچانوے میٹر لمبا، گیارہ میٹر چوڑا اور آٹھ میٹر اونچا ہے۔
حربی اور دفاعی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا یہ بحری جہاز سمندر کی سطح سے سطح پر اور سمندر سے فضا میں مار کرنے والی مختلف توپوں سے لیس ہے۔
ایرانی بحریہ کے سربراہ شہرام ایرانی نے جماران بحری جہاز کے لنگر انداز ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو جان لینا چاہیے کہ خطے میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور اس سے ایرانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے سے باز رہنا چاہیے۔