Jun ۳۰, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • رئیسی اور پوتین کی ملاقات، باہمی تعلقات و تعاون کو مزید فروغ دینے میں پرعزم+ ویڈیو

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور روسی صدر ولادیمیر پوتین کی بڑے دوستانہ ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں اہم دوطرقہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارنا نیوز کے مطابق بدھ کی شام ترکمنستان کے دورے پر گئے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے سفر کے اختتامی مراحل میں روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران روس کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک تعلقات کے دائرے میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور اگرچہ تجارت اور انرجی کے شعبے میں اونچی سطح پر روس کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری ہے تاہم دونوں ممالک میں پائی جانے والی گنجائشوں کے پیش نظر اُسے مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

صدر ایران نے اسی طرح تہران ماسکو کی جانب سے شمال جنوب کوریڈور کی حمایت پر زور دیا۔ سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ ایران اور روس کے درمیان بینکنگ اور مالی لین دین کے میکینزم کو مسلسل مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور اس نظام کو اس قدر مضبوط بنا دیا جائے کہ کہ کوئی دوسرا ملک اس کو متاثر نہ کر سکے۔

اس ملاقات میں روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بھی صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ دوبارہ ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ ولادیمیر پوتین نے کہا کہ حالیہ چند مہینوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اچھا اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

ساتھ ہی روسی صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب سے اپنا مخلصانہ سلام قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سدی علی خامنہ ای کو پہونچانے کے لئے کہا۔

اجلاس کے لئے جاتے ہوئے ایران و روس اور دیگر ممالک کے سربراہان

یاد رہے کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی، کیسپین سی کے ساحلی ممالک کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کے روز ایک اعلی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ ترکمنستان کے دارالحکومت عشق آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے روسی صدر کے علاوہ اپنے ترکمن اور آذری ہم منصبوں سے بھی ملاقات کی۔

قابل ذکر ہے کہ دوستانہ ماحول میں ایران اور روس کے سربراہوں کی ملاقات کو عالمی ذرائع میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

 

ٹیگس