تہران، آج شام سے متعلق تین ملکوں کے سربراہی اجلاس کا میزبان
شام سے متعلق آستانہ عمل کے ضامن ملکوں کا سہ فریقی سربراہی اجلاس آج ایران، روس اور ترکی کے سربراہوں کی شرکت سے تہران میں منعقد ہو رہا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستانہ عمل کے ضامن ملکوں کے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان گزشتہ شب تہران پہنچ گئے ہیں جبکہ روسی صدر ولادمیر پوتین تہران پہنچنے کو ہیں۔
اجلاس کی سائیڈ لائن میں ایران، روس اور ترکی کے سربراہان مملکت ایک دوسرے سے علاقائی اور عالمی صورتحال کے حوالے سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ترکی کے صدر کی قیادت میں آنے والے اعلی سطحی وفد میں وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، انٹیلینجس کے سربراہ، صدارتی دفتر کے سربراہ، صدارتی دفتر کے ترجمان، وزیر توانائی اور وزیر تجارت شامل ہیں۔
گزشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اجلاس کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شام میں لڑائی والے علاقوں میں کشیدگی کم کرنے اور شام میں استحکام کے تحفظ کے مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شام اور ترکی کے مابین نئے سیکورٹی بحران کو حل کئے جانے کی ضرورت ہے۔
عبداللہیان کا کہنا تھا کہ ترکی شام میں تیس کلو میٹر اندر تک فوجی کاروائی کرنے کی بات کرتا ہے اور ایران اس مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ روس اور ترکی کے تعاون اور شام میں قیام امن کی غرض سے آستانہ مذاکرات دو ہزار سترہ میں ایران کی کوششوں سے شروع ہوئے ہیں۔