Aug ۲۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیر برائے شیپنگ اور پورٹ کا دورۂ چابہار

ہندوستان کے شیپنگ اور پورٹ کے امور کے وزیر سربانند سونووال نے جو ایران کے دورے پر ہیں چابہار بندرگاہ پہنچے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی گورنر جواد سپاہی نے ہندوستان کے شیپنگ اور پورٹ کے امور کے وزیر سربانند سونووال کی استقبالیہ تقریب کے موقع پر کہا کہ اس ایک روزہ دورے میں ہندوستانی وزیر جہازرانی اور ان کے ہمراہ وفد چابہار میں ایران ہند مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور شہید بہشتی بندرگاہ کے اسٹرکچر اور مال اتارنے اور لوڈ کرنے کے عمل کا جائزہ لیں گے۔

سپاہی نے مزید کہا کہ ایک لاکھ ٹن کے گودام کی تعمیر کے عمل اور برآمداتی میتھانول ٹینکوں کی تعمیر کا جائزہ لینا بھی سربانند سونووال کے دورے میں شامل ہے۔

ایران کے صوبۂ سیستان و بلوچستان میں واقع چابہار بندرگاہ مکران اور بحرہند کے کنارے پر واقع ہے۔ ایران کی چابہار بندرگاہ اپنی اسٹریٹیجک پوزیشن کی بنا پر افغانستان، ترکمنستان، ازبکستان، تاجکستان، قرقیزستان اور قزاقستان جیسے مرکزی ایشیا کے ممالک کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے۔

دوہزار سولہ میں چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے ایران اور ہندوستان کے درمیان ایک سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے جس کی بنیاد پر ہندوستان نے چابہار بندرگاہ کے پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی ہے۔

ٹیگس