افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، ایران نے کیا ہمدردی کا اظہار (ویڈیو)
Aug ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر ایران نے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے افغانستان کے کئی صوبوں خاص طور سے صوبہ لوگر میں آنے والے سیلاب اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع پر افغانستان کے عوام خصوصاً جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
افغان میڈیا کے مطابق لوگر میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 9 بچے، 9 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں جبکہ سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد لاپتہ ہو گئے۔
سیلاب کے باعث 3 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا اور ہزاروں لوگ کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہوئے۔ افغان حکام کے مطابق کئی دیگر صوبوں کو بھی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔